لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبے میں کرونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 96 ہو گئی ہے۔
وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اپنے ٹویٹر بیان میں کہا کہ تفتان سے آنے والے 15 زائرین لاہور میں ہیں جبکہ 2 زائرین کو ملتان، 3 کو مظفر گڑھ، 3 زائرین کو گجرات، 2 کو راولپنڈی اور جہلم میں منتقل کیا گیا ہے۔
بعد ازاں وزیر صحت ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان اور ترجمان پنجاب حکومت مسرت جمشید چیمہ کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ کرونا وائرس کی صورتحال کے پیش نظر ایمرجنسی کا نفاذ کیا گیا ہے۔ پنجاب میں کرونا وائرس سے متاثرہ مریضوں میں 76 زائرین ہیں، ان میں سے 15 مریض لاہور میں ہیں۔ بلوچستان حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہیں کہ ہمارے زائرین کو ہم تک پہنچایا۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ پنجاب کے 36 ڈسٹرکٹس میں وزرا کی ڈیوٹیاں لگا دی گئی ہیں جبکہ فنانس ڈپارٹمنٹ کو 8 ارب جاری کیے جا چکے ہیں۔ اس کے علاوہ پنجاب حکومت ایک فنڈ قائم کر رہی ہے جس میں مخیر حضرات اپنا حصہ ڈالیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ فنانس منسڑی کے تحت کمیٹی قائم کی ہے جو معاشی پہلو کو دیکھے گی جبکہ ڈاکٹرز کے مسائل کرنے کے لئے بھی ایک کمیٹی بنا دی گئی ہے۔ عارضی نوکری پیشہ افراد کو نہیں نکالیں گے، ان کو پیکج دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ 48 گھنٹے کے نوٹس پر دس ہزار بیڈ کا ہسپتال بنانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ ہم پہلے مرحلے میں ایک ہزار بیڈ کا فیلڈ ہسپتال بنانے جا رہے ہیں جو ایکسپو سینٹر میں بنے گا۔