اسلام آباد: (دنیا نیوز) سپیکر قومی اسمبلی کی جانب سے کرونا وائرس کے معاملے پر سیاسی قیادت کو متحد کرنے کا مشن جاری ہے۔ اسد قیصر نے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو سے ٹیلی فونک رابطہ کرکے پارلیمانی کمیٹی کے قیام پر مشاورت کی۔
دنیا نیوز ذرائع کے مطابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے چیئرمین پیپلز پارٹی سے رابطہ کرکے عالمی وبا کرونا وائرس کیخلاف حکومت کیساتھ مل کر کام کرنے اور سیاست نہ کرنے کے پیغام کو حوصلہ افزا قرار دیا۔
ٹیلی فونک گفتگو میں سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے پارلیمانی کمیٹی کے قیام کے معاملے پر چئیرمین پیپلز پارٹی کو اعتماد میں لیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن جماعتوں کا قومی معاملات پر متحد ہونا ضروری ہے۔ سپیکر کے مطالبے پر بلاول بھٹو زرداری نے آج شام تک کمیٹی کے نام بھجوانے کی یقین دہانی کرائی۔
سپیکر قومی اسمبلی کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس کی روک تھام کے لیے قومی اتحاد کی ضرورت ہے۔ دیگر سیاسی جماعتوں سے بھی رابطہ کرکے مشترکہ پارلیمانی کمیٹی کے قیام پر مشاورت کی جائے گی۔
اُدھر سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کرونا صورتحال کی بگڑتی ہوئی صورتحال کے بعد مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما رانا تنویر اور خواجہ کو بھی ٹیلیفون کیا ہے۔
سپیکر نے کرونا صورتحال سے نبرد آزما ہونے کے لیے پارلیمانی کمیٹی کے لیے نام طلب کیے ہیں،
دریں اثناء سپیکر قومی اسمبلی نے جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) ف کے رہنما مولانا اسعد محمود کو بھی ٹیلی فون کیا ہے۔ سپیکر نے مجوزہ کمیٹی کے لیے جے یو آئی ف کی جانب سے نام طلب کیے۔