اسلام آباد: (دنیا نیوز) فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ عوام کرونا وائرس پر قابو پانے کیلئے احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کریں، چیلنج سے نبرد آزما ہونے کیلئے عوام کو مثالی نظم و ضبط کا مظاہرہ کرنا ہے۔
معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا عوام نے عزم و ہمت، استقامت اور یکسوئی سے اس عفریت کا مقابلہ کرنا ہے، عوام ہجوم والی جگہوں پر نہ جائیں، ہوٹلز میں بیٹھنے کے بجائے ٹیک اوے کو ترجیح دیں، کرونا پر قابو پانے کیلئے ورلڈ بینک پاکستان کو 238 ملین ڈالر دے گا، اے ڈی بی پاکستان کو 350 ملین ڈالر کی امداد فراہم کرے گا۔
فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا قوم کی صحت کا تحفظ وزیراعظم کی اولین ترجیح ہے، کسی قسم کی کوتاہی یا لاپرواہی ہوئی ہے اور نہ ہی برداشت کی جائے گی، وزیر اعظم ذاتی طور پر ساری صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔