انفرادی طور پر کرونا سے بچاؤ درحقیقت اجتماعی حفاظت کی بنیاد ہے: آرمی چیف

Last Updated On 21 March,2020 10:10 pm

راولپنڈی: (دنیا نیوز) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ انفرادی طور پر کرونا سے بچاؤ درحقیقت اجتماعی حفاظت کی بنیاد ہے، ہر انفرادی حفاظتی قدم اہمیت کا حامل ہے، پہلے انفرادی طور پر ایک ذمہ دار شہری بننا ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے پاک فوج کو سول انتظامیہ کی امداد تیز کرنے کے احکامات جاری کئے۔ قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کوئی بھی خطرہ ایک ذمہ دار اور پر عزم قوم کو شکست نہیں دے سکتا، ذمہ دار اور پرعزم قوم کی حیثیت سے چین نے ایسا کر دکھایا ہے، پاک فوج قومی کوشش کا حصہ ہوتے ہوئے اس ذمہ داری کو ادا کرے گی، ہم کرونا وائرس سے قوم کی حفاظت کے عمل کو مقدس فریضہ کے طور پر انجام دینگے۔

جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا انفرادی نظم و ضبط اور باہمی تعاون تمام اداروں کی کوششوں کو یکجا کرے گا، اس سے ہی قومی کامیابی ممکن ہے۔ واضح رہے کہ آرمی چیف نے احکامات گزشتہ روز وزیر اعظم سے ملاقات اور کوآرڈی نیشن کمیٹی اجلاس میں شرکت کے بعد جاری کیے ہیں۔  

Advertisement