نیو یارک: (ویب ڈیسک) ایک امریکی ڈاکٹر نے دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں کرونا وائرس کی دوا بنانے میں اگلے 3 سے 4 ہفتوں میں کامیاب ہو جاؤں گا، میری بنائی گئی دوا صرف 20 منٹ میں موذی وائرس کا مقابلہ کر کے اسے ختم کرسکتی ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکا کے ڈاکٹر جیکب گلینول کا کہنا ہے کہ انکی کمپنی کی لیبارٹری کرونا وائرس کی دوا بنانے میں تقریباً کامیاب ہوچکی ہے اور یہ دوا اگلے 3 سے 4 ہفتوں میں دستیاب ہوگی۔
ڈاکٹر گلینول کا مزید کہنا تھا کہ ان کی بنائی دوا جسم میں موجود اینٹی باڈیز کو اس قابل بنا دے گی کہ وہ کرونا کے وائرس سے مطابقت کرلیں گے جس کے بعد کرونا وائرس انسانی جسم کے لیے بے ضرر بن جائے گا۔ یہی نہیں ان کا دعویٰ ہے کہ ان کی یہ دوا صرف 20 منٹ میں اپنا اثر دکھا سکے گی۔
ڈاکٹر گلینول کا کہنا ہے کہ فی الحال یہ دوا امریکا کے آرمی میڈیکل ریسرچ انسٹی ٹیوٹ آف انفیکشیئس ڈیزیز کو بھیجی جارہی ہے جو اسے کرونا وائرس کا شکار امریکی فوجیوں پر ٹیسٹ کرے گا۔
علاوہ ازیں اسے امریکا کی چارلس ریور لیبارٹریز کو بھی بھیجا جارہا ہے جہاں اسے مختلف مریضوں پر ٹیسٹ کروایا جائے گا۔ دونوں جگہ سے آنے والے نتائج کو دیکھا جائے گا اور ان کی بنیاد پر تعین کیا جائے گا کہ دوا کس حد تک مؤثر ہے۔
ڈاکٹر گلینول کا کہنا ہے کہ اب تک کرونا وائرس کے خلاف جتنی بھی دواؤں پر کام کیا جارہا ہے وہ سب سال کے آخر تک دستیاب ہوسکیں گی، لیکن اس وائرس کی ہلاکت خیزی اس بات کی متقاضی ہے کہ جلد سے جلد اس کا توڑ تیار کیا جائے۔