کرونا وائرس سے بڑھتے خطرات پر ملک کو لاک ڈاؤن کیا جائے: شہباز شریف

Last Updated On 21 March,2020 06:50 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے حکومت سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ کرونا وائرس سے بڑھتے خطرات پر ملک کو لاک ڈاؤن کیاجائے۔

قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کا مزید کہنا تھا کہ حکومت فی الفور لاک ڈاؤن کی تیاریاں کرے، خوراک کی فراہمی سمیت دیگرانتظامات کوحتمی شکل دی جائے۔ عوام کی زندگیاں مزید خطرے میں نہیں ڈالی جاسکتیں، تاخیر کی صورت میں خوفناک انسانی المیہ ناقابل قبول ہوگا۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ملکی معیشت اور کرونا کی یکساں بگڑتی صورتحال پر تشویش ہے، کرونا اور معیشت کے لئے قومی سطح پر مناسب اقدامات کا عمل تیز کیا جائے، معیشت اور کرونا کی سامنے آتی صورتحال کے مقابلے میں خامیوں اورشکایات دور کی جائیں۔

سابق وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ ملک بھر میں ڈاکٹرز، طبی عملے کو حفاظتی لباس، ماسک اور ضروری سامان کی فراہمی یقینی بنائی جائے، خیبرپختونخوا میں متاثرہ فوت ہونے والے مریض سے ڈاکٹر کے متاثر ہونے کی اطلاعات کا حکومت سنجیدگی سے نوٹس لے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ بلوچستان میں علاج معالجے اور متاثرہ مریضوں کے علاج کے لئے الگ مقامات کی دستیابی پر سنجیدگی سے فوری غور کیا جائے، ٹیسٹنگ کٹس کی عدم دستیابی کی اطلاعات کا نوٹس لے کر فوری اقدامات کئے جائیں، لاہور اور دیگر علاقوں میں بدستور عوامی ہجوم کی اطلاعات خوفناک ہیں۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ اگر متاثرہ مریضوں کی تعداد سینکڑوں میں چلی گئی تو یہ ہمارے لئے مزید خطرے کی گھنٹی، رواں مالی سال کی اپریل اور جون کی سہہ ماہی میں 300 ارب ٹیکس وصولیوں میں کمی معاشی خطرے کا اعلان ہے۔
 

Advertisement