واشنگٹن: (دنیا نیوز) کرونا دنیا کے 185 ممالک میں پھیل گیا، دنیا بھر میں ہلاکتوں کی تعداد 11 ہزار 402 ہوگئی، جبکہ 2 لاکھ 76 ہزار 104 افراد متاثر ہیں۔
کرونا کی وبا اٹلی پر آفت بن کر ٹوٹ پڑی، ہلاکتوں کی تعداد 4 ہزار 32 ہوگئی جبکہ 47 ہزار 21 افراد متاثر ہیں۔ چین میں کرونا سے 3 ہزار 255 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔
امریکا میں کرونا سے ہلاکتوں کی تعداد 264 ہوگئی۔ نیویارک، الی نوائے، فلوریڈا اور کیلی فورنیا میں مزید پابندیاں لگا دی گئیں۔ ٹیکسوں کی ادائیگی بھی تین ماہ کے لیے موخر کر دی گئی۔ امریکا میکسیکو سرحد غیر ضروری سفر کے لیے بند جبکہ امریکی فوج میں بھرتی کے مراکز بھی بند کر دیئے گئے۔
برطانیہ میں کرونا سے مرنے والوں کی تعداد 177 ہوگئی۔ برطانیہ بھر میں آج سے لاک ڈاؤن، کیفے، ریستوران، ہیلتھ کلب، تفریح کے مراکز بند رہیں گے۔ برطانوی وزیراعظم کے مطابق کرونا کی وجہ سے سینما اور سپورٹس سینٹر بھی بند رہیں گے۔ شہزادہ ولیم اور کیٹ مڈلٹن نے کورونا سے لڑنے والے ہیلتھ ورکرز سے ملاقات کی۔
جرمنی کی سب سے بڑی ریاست بواریا نے بھی لاک ڈاؤن کا اعلان کر دیا گیا۔ کرونا نے سپین میں ایک ہزار ترانوے، جرمنی میں 67، ایران میں 1433، فرانس میں 450 کی جان لے لی۔ تیونس کے صدر نے ملک بھر میں شہریوں کو 24 گھنٹے قرنطینہ میں رہنے کی ہدایت کر دی۔ اردن نے کرونا پھیلاؤ کے خدشے کے پیش نظر ملک میں کرفیو لگانے کا اعلان کر دیا۔