اسلام آباد: (دنیا نیوز) معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ عوام کی مرضی کے بغیر جنگ میں کامیابی حاصل نہیں ہو سکتی، کرونا کیخلاف جنگ میں سب سےاہم دستہ عوام ہیں، اس چیلنج کو شکست دینے کیلئے قومی یکجہتی ضروری ہے۔
معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ آج پاکستان کو کرونا کی شکل میں چیلنج درپیش ہے، اس وبا کے باعث پوری قوم مسائل کا شکار ہے، لاک ڈاؤن کے حوالے سے مختلف آراء دی جا رہی ہیں، اکثریت کی رائے تھی کہ پاکستان کولاک ڈاؤن کی طرف جانا چاہیے مگر اس کا مطلب اپنے احکامات پر زبردستی سیکیورٹی فورسزکےذریعےعمل کرایا جائے، حکومت ڈنڈے کے زور پر ان چیلنجز کا مقابلہ نہیں کر سکتی۔
انہوں نے کہا کہ آرٹیکل 245 کے تحت صوبوں کو فوج طلب کرنے کا اختیار دیا گیا ہے، صوبوں کے اختیارمیں ہے جب چاہیں فوج طلب کر سکتے ہیں، وزیراعظم سمری کی منظوری دے چکے ہیں، جزوی لاک ڈاؤن کا فیصلہ صوبائی حکومت پر منحصر ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے 8 ایئرپورٹس پرسول آرمڈ فورسز تعینات ہیں۔
معاون خصوصی کا مزید کہنا تھا کہ کرونا کے معاملے پر سیاسی دکان چمکانا ٹھیک نہیں، کچھ لوگ خود کو قرنطینہ میں رکھ کر ملک سے باہر چلے گئے تھے، عوام کو لاک اپ میں رکھ کرخود لاک اپ سے باہر آنا چاہتے ہیں۔