اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کرونا وائرس پر قومی بیانیے کی تشکیل کیلئے آل پارٹیز کانفرنس بلانے کے لئے سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں سے رابطے شروع کر دئیے ہیں۔
چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے مسلم لیگ (ن)، جمعیت علمائے اسلام، مسلم لیگ (ق)، بلوچستان نیشنل پارٹی اور عوامی نیشنل پارٹی سے بھی رابطے کئے۔
ذرائع کے مطابق بلاول بھٹو زرداری نے کرونا وائرس کی صورتحال کے پیش نظر شہباز شریف، مولانا فضل الرحمان اور پرویز الہیٰ سے بھی ٹیلی فونک رابطہ کیا جبکہ ان کی اختر مینگل اور ایمل ولی خان سے بھی ٹیلی فونک گفتگو ہوئی۔
اس موقع پر انہوں نے تمام سیاسی قیادت پر زور دیا کہ کرونا وائرس کے حوالے سے تمام سیاسی جماعتوں کو ایک پیج پر آنا ہوگا۔ کرونا وائرس سے بچاؤ کے لئے ایک مشترکہ لائحہ عمل ضروری ہے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری سے سیاسی رہنماؤں کا کرونا وائرس کے حوالے سے ویڈیو لنک پر آلپارٹیز کانفرنس اے پی سی بلانے پر اتفاق کیا۔