اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان ایران پر پابندیاں اٹھانے کے لیے سفارتی سطح پر سرگرم ہوگیا، فرانس سے رابطہ کر کے کورونا وبا کی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ایران پر پابندیاں ختم کرنے میں تعاون کی اپیل کی ہے۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے جان ایو لودریان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کورونا وبا پھوٹنے کی وجہ سے ایران کی صورت حال انتہائی تشویشناک ہے، ایران میں تیزی سے پھیلتی اس وبا کو نہ روکا گیا تو پورے خطے پر اس کے منفی اثرات مرتب ہوں گے، انسانی ہمدردی کے تحت معاشی پابندیاں فوری ہٹائی جائیں تاکہ ایرانی حکومت وسائل وبا سے نمٹنے پر خرچ کرسکے۔ فرانسیسی وزیر خارجہ نے ایران پر عائد پابندیوں کا معاملہ آئی ایم ایف اور جی 20 میں اٹھانے کا عندیا دیا۔
شاہ محمود قریشی نے فرانسیسی وزیر خارجہ کو مقبوضہ کشمیر کی صورتحال سے بھی آگاہ کیا، لاک ڈائون، کورونا وبا کے باعث محصور کشمیریوں کی حالت زار، خوراک اور ادویات کی قلت سے آگاہ کیا۔ وزیر خارجہ نے فرانس میں مقیم کورونا وائرس سے متاثرہ 13 پاکستانیوں کی بروقت طبی امداد پر فرانسیسی وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کیا۔