بیجنگ: (دنیا نیوز) کرونا وائرس سے سب سے پہلے متاثر ہونے والے شہر ووہان میں زندگی بحال ہونا شروع ہو گئی۔
چینی شہر میں 2 ماہ کے لاک ڈاؤن کے بعد پابندیاں آہستہ آہستہ ختم کی جا رہی ہیں، جگہ جگہ چیک پوائنٹس کو ختم کر دیا گیا۔ شہر میں بسیں چلنا شروع ہو گئی ہیں، رہائشی علاقوں کے قریب قائم سپر مارکیٹ بھی کھول دی گئیں، لوگ احتیاطی تدابیر اختیار کر کے کام کاج کا آغاز کر رہے ہیں۔
واضح رہے کہ چین کے صوبے ہوبے میں سب سے پہلے کرونا وائرس پھیلنے کا ذکر سامنے آیا تھا جس کے بعد امریکی صدر ٹرمپ نے سفارتی آداب کو ملحوظ خاطر رکھے بغیر کرونا کو چینی وائرس کہنا شروع کر دیا جس کی اقوام متحدہ کے ادارے ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن نے مذمت بھی کی تھی۔ دوسری جانب چین کی جانب سے سرکاری طور پر کہا گیا ہے کہ کرونا وائرس امریکی فوج ووہان لائی تھی جس سے متعلق کچھ ثبوت بھی پیش کئے گئے ہیں۔