کرونا نے دنیا کا کوئی کونہ نہ چھوڑا، 195 ممالک میں پھیل گیا، 16 ہزار 553 ہلاکتیں

Last Updated On 24 March,2020 09:45 am

روم: (دنیا نیوز) کرونا نے دنیا کا کوئی کونہ نہ چھوڑا، 195ممالک میں پھیل گیا۔ چین اور اٹلی کے بعد کرونا سےمتاثرین میں امریکا تیسرے نمبر پر آ گیا، دنیا بھر میں کرونا سے مرنے والوں کی تعداد 16 ہزار 553 ہو گئی۔

کرونا کی وجہ سے پوری دنیا لاک ڈاؤن میں چلی گئی۔ پونے دو ارب لوگ گھروں میں قید ہو گئے۔ 195 ممالک میں مرنے والوں کی تعداد 16ہزار 553 ہو گئی۔

چین میں کرونا سے مرنے والوں کی تعداد 3 ہزار دو سو ستتر ہو گئی۔ اکیاسی ہزار ایک سو اکہتر افراد زیر علاج ہیں۔ اٹلی میں کرونا سے مرنے والوں کی تعداد 6 ہزار 77 ہو گئی جبکہ متاثرین کی تعداد 63 ہزار 927 ہے۔ سیاحتی مراکز میں لاک ڈاؤن کی وجہ سے ہُو کا عالم ہے۔

چین اور اٹلی کے بعد کرونا کے متاثرین میں امریکا تیسرے نمبر پر آ گیا۔ امریکا میں کرونا سے ہلاک افراد کی تعداد 582 ہو گئی جبکہ متاثرین کی تعداد 46 ہزار 145 ہو چکی ہے۔ اسپین میں کرونا سے 23 سو گیارہ افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ ایران میں کرونا نے 1812 افراد کی جان لے لی۔

برطانیہ میں عالمی وبا سے 335 شہری جان سے گئے۔ سعودی عرب میں کرونا سے 562 مریض سامنے آ گئے۔ 53 سال بعد بیت المقدس نمازیوں کے لیے بند کر دیا گیا۔ بھارت میں کرونا سے دس افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
 

Advertisement