اسلا م آباد: (روزنامہ دنیا) پاکستان میں سعودی سفیر نے کہا ہے کورونا وائرس کی وبا کے باوجود حج منسوخی کا ابھی تک کوئی فیصلہ نہیں ہوا اور اگر اس طرح کا فیصلہ کیا گیا تو سعودی حکومت اسے بروقت حاجیوں تک پہنچائے گی۔
یہ بات پاکستان میں سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی نے ایک انٹرویو میں بتائی۔ انہوں نے کہا میں سب کو یقین دہانی کروانا چاہوں گا کہ خدائے بزرگ و برتر نے ہماری دانشمندانہ حکومت کو حرمین شریفین اور اللہ کے مقدس گھر حاضر ہونیوالے حجاج کی خدمت کی توفیق بخشی ہے اور یہ (حکومت) بلاشبہ ہمیشہ ہر سال حجاج کیلئے بہترین خدمات پیش کرنے کی کوشش کرتی ہے اور ان کے تحفظ کیلئے بھی ہمیشہ کوشاں رہتی ہے، میں آپ کو پھر یقین دلاتا ہوں کہ حج کو منسوخ کرنے کا کوئی فیصلہ اب تک بالکل نہیں کیا گیا۔
اس سوال پر کہ پاکستان میں سعودی اقامہ رکھنے والے کئی لوگ پروازوں کی منسوخی کی وجہ سے سعودی عرب واپس نہیں جا سکے تو کیا ان کی نوکری محفوظ رہے گی۔ سعودی سفیر کا کہنا تھا ایسے تمام لوگ جن کے پاس نافذ العمل اقامہ اور قانونی ایگزٹ موجود ہے وہ پروازوں کی بحالی کے بعد واپس سعودی عرب جا سکیں گے۔