اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزارت تعلیم نے ملک بھر کے تعلیمی ادارے 31 مئی تک بند کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔
وزارت تعلیم کی جانب سے جاری نوٹیفیکیشن کے مطابق سرکاری، نجی سکولز، کالجز یونیورسٹیز اور مدارس 31 مئی تک بند رہیں گے۔ ان چھٹیوں کو گرمیوں کی چھٹیاں تصور کیا جائے گا۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ کرونا وائرس کی وبا کے تحت اداروں کی بندش کا فیصلہ بین الصوبائی وزرا تعلیم کانفرنس میں کیا گیا۔ فیصلے کا نوٹیفکیشن چاروں صوبوں، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان حکومتوں کو بھجوا دیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل پنجاب حکومت نے بھی تمام سرکاری اور نجی سکولوں اور جامعات میں چھٹیاں یکم جون تک بڑھانے کا اعلان کیا تھا۔ یہ فیصلہ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کے زیر صدارت صوبائی کابینہ کے اجلاس میں کیا گیا تھا۔
دوسری جانب بلتستان یونیورسٹی نے طلبہ کی سمسٹر بہار کی فیس معاف کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ واٸس چانسلر کی ہدایات کی روشنی میں مذکورہ فیصلہ عمل میں آیا ہے۔
اِنتظامیہ بلتستان یونیورسٹی کی جانب سے کہا گیا ہے کہ اس فیصلے سے طلبہ وطالبات کے معاشی مساٸل کا ازالہ ہو سکے گا۔ ان کو کو سہولت پہنچانے کی غرض سے سمسٹر بہار کی پوری فیس معاف کر دی گئی ہے۔
یہ فیصلہ ایک ایسے وقت میں کیا گیا ہے جب پوری دُنیا نوول کورونا واٸرس کی لپیٹ میں ہے۔ ہاٸر ایجوکیشن کمیشن آف پاکستان کے حکم کے موجب پاکستان کی جامعات فاصلاتی نظام تعلیم کے ذریعے لیکچرز ترسیل کرنے کی کوششیں کر رہی ہیں۔