ڈیرہ غازی خان: (دنیا نیوز) کورونا وائرس ٹیسٹ میں کلئیر ہونے والے زائرین کو 14 روزہ قرنطینہ مکمل ہونے کے بعد آبائی اضلاع میں بھیجنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر طاہر فاروق نے اپنی نگرانی میں زائرین کو دانش سکول سے روانہ کیا۔ اس موقع پر پولیٹکل اسسٹنٹ سید موسیٰ رضا، اے ڈی سی آر سمیع اللہ فاروق اور دیگر موجود تھے۔
پاک آرمی، رینجرز، پولیس اور دیگر سکیورٹی فورسز کے حصار میں زائرین کو روانہ کیا گیا۔ ٹیسٹ رپورٹ میں کلئیر ہونے والے دیگر 466 زائرین کو آج رات تک واپس بھجوا دیا جائیگا۔
ڈپٹی کمشنر طاہر فاروق کا کہنا تھا کہ ڈیرہ غازی خان ڈویژن کے 103 زائرین کو ان کے گھروں تک پہنچا دیا گیا ہے جبکہ لاہور، راولپنڈی، سرگودھا، فیصل آباد اور گوجرانولہ ڈویژن کے 316 زائرین کو آج واپس بھجوایا جا رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ زائرین کے طبی معائنہ کے لئے لاہور سے میڈیکل ٹیم خصوصی طور پر ڈیرہ غازی خان پہنچی تھی۔ وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار کی ہدایت پر ڈی جی خان میں قیام کے دوران زائرین کی ہر ممکن دیکھ بھال کی گئی۔