سپیکر پنجاب اسمبلی نے بھاری امدادی رقم کورونا ریلیف اکاؤنٹ میں جمع کرا دی

Last Updated On 27 March,2020 05:25 pm

لاہور: (دنیا نیوز) چودھری پرویز الہیٰ نے پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ اور ارکان اسمبلی کی جانب سے دو کروڑ چھپن لاکھ کی امداد وزیراعلیٰ کے کورونا ریلیف اکاؤنٹ میں جمع کرا دی ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب اور سپیکر کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ بھی ہوا جس میں کورونا وائرس کے سدباب کے حوالے سے بات چیت کی گئی۔ عثمان بزدار نے ایم پی ایز اور پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ کے آفیسرز کی جانب سے کورونا ریلیف اکاؤنٹ میں دو کروڑ چھپن لاکھ روپے امداد دینے کے اقدام کو سراہا۔ پرویز الٰہی نے کہا کہ مخیر حضرات آگے آئیں، ہمیں لاک ڈاؤن سے متاثرین کا خیال رکھنا ہوگا۔

سپیکر پنجاب اسمبلی کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس کے خلاف ہمیں متحد ہوکر لڑنا ہے۔ کورونا سے نبرد آزما ہونا ایک بڑا چیلنج ہے۔ پوری قوم کو متاثرین کے لئے دل کھول کر عطیات دینا چاہیں۔ مخیر حضرات آگے آئیں اور کورونا کے خلاف سرگرمیوں کے متاثرین کی مدد کریں۔ عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ اس اقدام سے دوسری شخصیات کو بھی تحریک ملے گی۔