پشاور: (دنیا نیوز) خیبر پختونخوا کے وزیراعلیٰ محمود خان نے امدادی پیکیج کا اعلان کر دیا ہے۔ مزدور اور غریب طبقے کو تین ماہ کے لیے ماہانہ 5 ہزار روپے امداد دی جائیگی۔ پیکیج پر 11 ارب 40 کروڑ روپے لاگت آئے گی۔
وزیراعلیٰ محمود خان نے بریفنگ میں صوبے کے لیے امدادی پیکیج کا اعلان کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ احساس پروگرام کے تحت نقد رقم دی جائیگی۔ غریب اور مزدور طبقہ کو تین ماہ کے لیے ماہانہ 5 ہزار روپے کی ادائیگی ہوگی۔
ان کا کہنا تھا کہ 4 لاکھ مزدوروں کا ڈیٹا اکٹھا کیا جا رہا ہے۔ صوبہ کے 19 لاکھ خاندان پیکیج سے مستفید ہوں گے۔ امدادی پیکج پر 11 ارب 40 کروڑ روپےلاگت آئے گی۔
وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ 5 ارب ٹیکسز کی مد میں چھوٹ دیں گے۔ کوشش ہے کہ وبا کو اللہ کی مدد سے کنٹرول کریں۔ کورونا کے خلاف جنگ میں مزید ضرورت پڑے تو ترقیاتی فنڈز سے بھی کٹوتی کریں گے۔