میڈرڈ: (ویب ڈیسک) سپین میں پھیلنے والے کورونا وائرس کے باعث ہلاکتوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے وہیں پر ملک کے فٹبال کلب بارسلونا نے کھلاڑیوں کی بھاری تنخواہوں میں 70 فیصد کٹوتی کا فیصلہ کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق چین سے پھیلنے والے کورونا وائرس نے دنیا بھر میں اپنے پنجے گاڑے ہوئے ہیں، اس بیماری کے باعث سب سے پہلے چین متاثر ہوا جس کے بعد اٹلی، ایران اور سپین متاثر ہوئے ہیں، کھیلوں کے حوالے سے ایک خبر سپین سے آئی ہے جہاں پر اس مہلک وباء کے باعث بارسلونا نے کھلاڑیوں کی بھاری تنخواہوں میں 70 فیصد کٹوتی کا فیصلہ کر لیا ہے جس پر کھلاڑی سیخ پا ہو گئے ہیں۔
بارسلونا اپنے کھلاڑیوں کو ہر ہفتے لاکھوں پاؤنڈ میچ فیس کی مد میں ادا کرتا ہے ۔ سپر سٹار لیونل میسی ہفتہ وار پانچ لاکھ پاؤنڈ یعنی ماہانہ 20 لاکھ پاؤنڈ معاوضہ وصول کرتے ہیں ،انٹونیوگریزمین دو لاکھ 94 ہزار پاؤنڈ فی ہفتہ، لوئس ساریز اور گیراڈ پیکو فی کس دو لاکھ 90 ہزار پاؤنڈ فی ہفتہ معاوضہ وصول کرتے ہیں۔
فٹ بال ایونٹس منسوخ ہونے کی وجہ سے کلب کی کمائی میں خاطرخواہ کمی ہوئی ہے۔ کھلاڑیوں نے بھی خود کو اپنے گھروں میں قرنطینہ کر رکھا ہے۔
بارسلونا کلب انتظامیہ کا کہنا ہے کہ انہوں نے عارضی طور پر یہ فیصلہ کیا ہے تاہم کھلاڑی فیصلہ مانتے نظر نہیں آرہے۔