ریاض: (ویب ڈیسک) دنیا بھر کی طرح سعودی عرب بھی چین سے پھیلنے والے کورونا وائرس کا مقابلہ کر رہا ہے، اس دوران کچھ ایسے لمحات آ رہے ہیں جنہیں دیکھ کر ہر کوئی فرط جذبات سے آبدیدہ ہو رہے ہیں۔اسی طرح کی ایک ویڈیو سعودی عرب سے آئی ہے جہاں پر مریضوں کے علاج پر مامور ڈاکٹر اپنے کمسن بچے کو گلے نہ لگانے پر جذباتی ہو گیا جس کی ویڈیو وائرل ہو گئی۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے ’گلف نیوز‘ کے مطابق سعودی عرب میں کورونا وائرس کے مریضوں کا علاج کرنے والا ڈاکٹر گھر پہنچنے پر اپنے کمسن بچے کو گلے سے نہ لگانے پر رو دیا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔ ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ کمسن بچہ والد کو گلے لگانے کے لیے آگے بڑھتا ہے تو میڈیکل یونیفارم میں ملبوس باپ بچے کو قریب آنے سے روک دیتا ہے اور اس کی آنکھوں میں آنسو آجاتے ہیں۔
ڈاکٹر کا کہنا تھا کہ میں عام طور پر اہلیہ کو گھر جانے سے پہلے ہی فون کرتا ہوں، میں نے اہلیہ سے کہا کہ وہ بچوں کو استقبال کرنے سے روک دیں اور جب تک میں غسل نہ کر لوں قریب نہ آنے دیں۔
عرب میڈیا کے مطابق ڈاکٹر کا نام ناصر الشہرانی ہے، ان کا کہنا ہے کہ اس کلپ کا مقصد شہریوں کو کورونا وائرس کے خطرات سے آگاہ کرنا اور وزارت صحت کے انتظامات اور ہدایات پر عمل کرانا ہے۔
رپورٹ کے مطابق ڈاکٹر ناصر الشہرانی ریاض کے کنگ سلمان ہسپتال میں کورونا وائرس میں مبتلا مریضوں کا علاج کررہے ہیں، ڈاکٹر نے ویڈیو میں گھر لوٹنے کے بعد صحت سے متعلق پیشہ ور افراد کی خاندانی زندگی کو اجاگر کرنے کی بھی کوشش کی۔