اسلام آباد: (دنیا نیوز) چینی طیارہ امدادی سامان لے کر اسلام آباد ایئرپورٹ پہنچ گیا، طیارے میں طبی سامان، ادویات، سرجیکل ماسک اور 217 وینٹی لیٹر شامل ہیں۔
چین کے طبی ماہرین کی 8 رکنی ٹیم بھی خصوصی طیارے پر پاکستان پہنچی، چینی طبی ماہرین کی ٹیم 2 ہفتے تک پاکستان میں قیام کرے گی۔ اس موقع پر شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا سامان اور ڈاکٹرز بھیجنے پر چین کے شکر گزار ہیں، چین نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا، دونوں ممالک ایک دوسرے کے ساتھ ہمیشہ کھڑے رہے۔
خیال رہے چین کی طرف سے اب تک 12 ہزار کٹس، 3 لاکھ ماسک فراہم کیے جاچکے ہیں، چین نے 10 ہزار حفاظتی لباس بھی پاکستان بھجوائے، چین نے قرنطینہ سینٹر کی تعمیر کیلئے 40 لاکھ ڈالر پاکستان کو عطیہ کیے۔