لاہور: (دنیا نیوز) قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اور پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر میاں محمد شہباز شریف کا کہنا ہے کہ پوری دنیا میں ڈاکٹرز اور طبی ماہرین کا کردار اس وقت مرکزی حیثیت اختیار کرچکا ہے۔
صدر مسلم لیگ (ن) شہبازشریف نے ویڈیو لنک پر ڈاکٹرز اور طبی عملے سے مشاورتی اجلاس کے دوران خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آپ سب کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ آپ آج میری ساتھ اس مشاورت میں شریک ہوئے۔ پوری قوم اپنے ڈاکٹرز اور طبی ماہرین کی طرف دیکھ رہی ہے۔
ڈاکٹروں کے حوالے سے ان کا مزید کہنا تھا کہ کورونا کے خلاف جنگ میں آپ فرنٹ لائن سولجرز ہیں۔ پوری قوم ڈاکٹرز، نرسز اور طی عملے کو سلام پیش کرتی ہے۔ ڈاکٹرز، نرسز اور طبی عملہ ہمارے ہیروز ہیں۔ ان کی معاونت کرنے والے مسلح افواج، رینجرز، پولیس اور دیگر محکمہ جات کے افسران اور عملے کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔
قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کا کہنا تھا کہ اجلاس کا مقصد مشاورت کرنا ہے اور پوچھنا ہے کہ ہماری طبی حکمت عملی کیا ہونی چاہیے، وہ کیا اقدامات ہیں جو حکومتی سطح پر کرنے کی ضرورت ہے ؟، علاج کے حوالے سے کیا انتظامات، ضروریات اور اقدامات کرنا ہیں؟
شہباز شریف کامزید کہنا تھا کہ پوری دنیا میں ڈاکٹرز اور طبی ماہرین کا کردار اس وقت مرکزی حیثیت اختیار کرچکا ہے، ہمیں سوچنا ہے کہ دنیا میں بہترین حکمت عملی کہاں اپنائی جارہی ہے، ہمیں سوچنا ہے کہ دنیامیں بہترین حکمت عملی کہاں اپنائی جا رہی ہے۔ ڈاکٹر طاہر شمسی نے صحت مند مریضوں کے پلازما کے استعمال کی تجویز دی ہے۔
اس سے قبل شہباز شریف نے روپے کی قدر میں ریکارڈ 3 فیصد کمی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ حکومت اور سٹیٹ بینک معیشت سنبھالنے میں ناکام ہوگئے، شرح سود کم سے کم 9 فیصد تک کی جائے۔
اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں ریکارڈ کمی سے ملکی معیشت پر منفی اثرات مرتب ہوں گے، حکومت کی ناکام معاشی پالیسیوں کی وجہ سے ڈالر کی قدر میں اضافہ ہو رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سٹیٹ بینک کی جانب سے شرح سود میں ایک ہی بار مناسب کمی کی بجائے بار بار فیصلے لینے سے عدم استحکام کی صورت حال پیدا ہوئی ہے، معیشت کی بربادی کورونا سے بڑی تباہی لائے گی۔
دریں اثناء مسلم لیگ ن پنجاب نے کورونا سے نمٹنے کےلیے "کورونا فنڈ" قائم کر دیا، پنجاب سے تمام ایم این اے،ایم پی اے،پارٹی عہدیدار فنڈ جمع کرائیں گے۔
مسلم لیگ ن پنجاب کے ڈویژنل عہدیداروں کو فوری طور پر فنڈ جمع کروانے کی ہدایت کردی گئیں، ایم پی اے کو 25 ہزار، ایم این اے اور سینیٹرز کو 1 لاکھ روپے جبکہ ڈویژنل صدر اور سیکرٹری کو 25 ہزار جمع کرانے کا ٹاسک دیاگیاہے۔
دوسری طرف کے پی کے،سندھ اور بلوچستان کے صدور نے بھی فنڈ اکٹھا کرنے کےلئے اجلاس طلب کر لئے، جمع ہونے والی رقم انسداد کورونا میں خرچ کی جائے گی۔