اسلام آباد: (دنیا نیوز) معاون خصوصی ڈاکٹر ظفر مرزا کہتے ہیں کرونا وائرس سے نمٹنے کیلئے چینی اقدامات قابل تعریف ہیں، پاکستان سمیت پوری دنیا ان کی شکر گزار ہے، وائرس کی روک تھام کے حوالے سے دنیا نے چین سے بہت کچھ سیکھا۔
معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے چینی ڈاکٹروں کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ اگر چین نے کرونا کے خلاف اقدامات نہ کیے ہوتے تو دنیا زیادہ خطرے میں ہوتی، چین نے پبلک ہیلتھ کی تاریخ میں ایک نیا باب رقم کیا ہے، 60 ملین لوگوں کو قرنطینہ میں رکھ کر تاریخ رقم کی ہے، صحت کی پالیسیز کا اس قدر موثر عملدرآمد اس سے پہلے کبھی نہیں دیکھا گیا۔
ظفر مرزا کا کہنا تھا کہ ڈائیگوسنک کٹس یا حفاظتی سامان سب کچھ فراہم کیا گیا ہے، ہمارے پاس چین کی ٹریول ہسٹری کا ایک بھی مریض نہیں، چینی شہریوں کو پاکستان کے سفر سے قبل 14 روز قرییطینہ کرنا احسن اقدام تھا۔
ظفر مرزا نے مزید کہا کہ ہم نے یہ بھی طے کیا کہ ووہان سے اپنے طلبا کو نہیں نکالیں گے، یہ مشکل فیصلہ تھا لیکن چینی تجاویز پر عمل کیا۔ چین نے ہمارے طلباء کا خیال رکھا، اب طلباء ہمارا شکریہ ادا کر رہے ہیں۔ چینی ماہرین سے 2 دن کی ٹریننگ میں بہت کچھ سیکھ سکیں گے۔