لاہور: (دنیا نیوز) گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ کرونا کو سنجیدہ نہ لینے والے دوسروں کے ساتھ ساتھ اپنے بھی دشمن بنے ہوئے ہیں۔
گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے اپنے بیان میں کہا کہ گھروں سے باہر نکلنا کرونا کو خود دعوت دینے کے مترادف ہے، عوام کو گھروں تک محدود رکھنے کیلئے ہر اقدام اٹھایا جائیگا۔
گورنر پنجاب نے کہا کہ سماجی رابطوں میں فاصلے رکھنے سے کرونا کو روکا جا سکتا ہے، آج کا وقتی فاصلہ ہمیشہ کے فاصلوں سے محفوظ بنائے گا، انسداد کرونا کیلئے افواج پاکستان کا تاریخی کردار قابل تحسین ہے۔ کرونا وائرس سب بڑا خطرہ بن چکا، ہمیں حفاظتی تدابیرپر عمل کر نا ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم سب وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں کرونا کے خلاف جنگ لڑ رہے ہیں، قوم مشکل کی گھڑی میں ڈاکٹرز اور دیگر طبی عملے کو خراج تحسین پیش کرتی ہے، کرونا کے خلاف جنگ میں چین مثالی کردار ادا کر رہا ہے۔