لاہور: (دنیا نیوز) مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے کہا ہے کہ کرونا وائرس سے متاثرہ افراد سے ملزمان والا برتاؤ نہ کیا جائے، نہ ہی انہیں اچھوت بنایا جائے، اعدادوشمار عوام کے سامنے لائے جائیں، حقائق چھپانے سے مسائل حل نہیں ہوں گے۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ کرونا ٹیسٹنگ کے دائرہ کار کو وسیع کیا جائے، ہر فرد کی ٹیسٹنگ کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ کرونا ٹیسٹنگ کو فوری طور پر مفت کیا جائے۔
شہبازشریف کا کہنا تھا کہ ہسپتالوں سے کرونا کے مریضوں کو فی الفور الگ کیا جائے، شادی ہال، مساجد، سکول، کالج کی عمارتوں کو کوارنٹائن مقاصد کے لئے استعمال کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ کتنے لوگوں کی سکریننگ ہوئی، کتنوں کو ٹیسٹ کیا گیا، تمام ڈیٹا قوم کے سامنے لایا جائے، حقائق چھپانے سے مسائل حل نہیں ہوں گے۔ کرونا مریضوں کو اچھوت نہ بنایا جائے بلکہ ہمدردی اور غم گساری سے علاج کیا جائے۔