ملتان: (دنیا نیوز) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ قوم بھی متحد ہو کر صورتحال کا مقابلہ کرے، حکومت تنہا بوجھ نہیں اٹھا سکتی، کورونا وائرس بہت بڑا چیلنج ہے۔
شاہ محمود قریشی کا ملتان میں میڈیا نمائندوں سے گفتگو میں کہنا تھا کہ دنیا نے ایسا چیلنج اس سے پہلے نہیں دیکھا، ہر کنبہ اس سے متاثر ہے۔ جو اقدامات کر رہے ہیں اس میں انشاء اللہ کامیاب ہوں گے۔ اس اہم معاملے میں عوام نے بھی تعاون کرنا ہے۔ پچیس لاکھ گھرانوں کو راشن پہنچانے کے طریقہ کار کو دیکھ رہے ہیں۔
وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ چین کا شکر گزار ہوں۔ وہ ترجیحی بنیادوں پر مدد کر رہے ہیں۔ چین کے پانچ جہاز پاکستان پہنچ چکے، مزید بھی آ رہے ہیں۔ ہم نے اپنی ٹیم بھی چین روانہ کر دی ہے۔ چینی لیڈرشپ نے مکمل ساتھ کی یقین دہانی کرائی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ تیسری دنیا کے ممالک جن کا ہیلتھ سسٹم کمزور ہے، انٹرنیشنل کمیونٹی ان کے قرضوں کو دی سٹرکچر کر دے تا کہ وہ پیسہ اس وبا سے مقابلہ کرنے کے لیے استعمال کر سکیں۔