مسلح افواج قوم کے شانہ بشانہ کورونا سے لڑنے کیلئے پرعزم ہیں، آرمی چیف

Last Updated On 01 April,2020 07:35 pm

راولپنڈی: (دنیا نیوز) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ مسلح افواج قوم کے شانہ بشانہ کورونا سے لڑنے کیلئے پرعزم ہیں۔ کورونا سے نمٹنے کیلئے قومی کوششوں میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر میں کورونا وائرس کے معاملے پر بریفنگ ہوئی جس میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے خصوصی شرکت کی۔

اس موقع پر اپنے خطاب میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ ملک کے کسی طبقے کو کورونا کے رحم وکرم پر نہیں چھوڑ سکتے۔ عوام کے تحفظ کے لیے ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

آرمی چیف نے ہدایت کی کہ پاک فوج کے جوان ملک کے ہر کونے میں ضرور پہنچیں۔ ہر شہری تک رسائی کا مقصد وبا سے محفوظ بنانا اور مشکل وقت میں ان کی زندگی میں بہتری لانا ہے۔

 

جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ قومی کوششوں سے کورونا جیسے چیلنج کا مقابلہ کیا جا سکتا ہے۔ بروقت اقدامات سے ہر شہری کا تحفظ ممکن ہے۔ ہم نے ذات، نسل، رنگ اور مذہب سے بالاتر ہو کر چیلنج کا مقابلہ کرنا ہے۔

 

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف کا کہنا تھا کہ مشکل وقت ہے، مگر پہلے بھی مشکل حالات کا سامنا کر چکے ہیں۔ مسلح افواج قوم کے شانہ بشانہ کورونا سے لڑنے کیلئے پرعزم ہیں۔ کورونا سے نمٹنے کیلئے قومی کوششوں میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے۔