لاہور: (ویب ڈیسک) ملک بھر میں بڑھتے ہوئے کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد کے بعد شوبز شخصیات میدان میں آئی ہوئی ہیں اور عوام کو احتیاطی تدابیر کے مشورے دے رہی ہیں، گلوکارہ مومنہ مستحسن نے وزیراعظم پاکستان عمران خان سے کہا کہ مہلک وباء کے باعث نوجوان بھی محفوظ نہیں ہیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر راحت فتح علی خان کے ساتھ آفریں آفریں جیسے مقبول نغمے سے شہرت حاصل کرنے والی گلوکارہ مومنہ مستحسن نے وزیراعظم عمران خان سے اپیل کی کہ آپ نے اپنے حالیہ قوم سے خطاب کے دوران جو کہا ہے اس پر غالباً نظر ثانی کی ضرورت ہے۔
معروف گلوکارہ نے ٹوئٹر پر مزید لکھا کہ مہلک کورونا وائرس سے نوجوان بھی محفوظ نہیں ہیں، اور دنیا بھر میں نوجوان بھی اسکا تیزی شکار ہورہے ہیں۔ اس موقع پر غلط اطلاعات کافی نقصان کا باعث بن سکتی ہیں۔
@ImranKhanPTI sir with all due respect, you probably need to revisit what you said in your recent address to the nation. The youth are NOT immune to the virus- young people around the world are also dying as rapidly. Misinformation at this time can be very damaging #COVID19
— Momina Mustehsan (@MominaMustehsan) April 1, 2020
اس سے قبل پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد کے بعد معروف اور تمغہ امتیاز حاصل کرنے والی اداکارہ مہوش حیات نے اپنے مداحوں سے احتیاطی تدابیر اور گھروں میں رہنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت پاکستان طبی عملے کو ضروری حفاظتی سامان ترجیحی بنیادوں پر فراہم کرے۔
تمغہ امتیاز حاصل کرنے والی خوبرو اداکارہ مہوش حیات نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر اور انسٹا گرام پر پر اپنی ایک ویڈیو شیئر کی ہے جس میں انہوں نے کورونا وائرس کی جان لیوا وبا سے متعلق لوگوں کو آگاہی فراہم کی۔
ویڈیو پیغام میں مہوش حیات نے مداحوں سے اپیل کی کہ پاکستان کو اس وقت سب سے بڑے چیلنج کا سامنا ہے، دنیا بھر کے بہترین ہیلتھ کیئر سسٹم بھی وبا کے سامنے ناکام ہوتے نظر آرہے ہیں اسی لیے آپ لوگ اپنے گھروں میں رہیں، اپنی حفاظت کریں اور اپنے پیاروں کو بھی محفوظ رکھیں۔
Front line medical staff have to have the right protective equipment to fight COVID-19 or the situation will deteriorate rapidly. We need to give what we can to PM’s Relief Fund. Also this is not a holiday-we have to stay at home to save lives.Together we will win this battle! IA pic.twitter.com/IqhhcqK3CW
— Mehwish Hayat TI (@MehwishHayat) March 31, 2020
اپنی ویڈیو میں اداکارہ کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس نے دنیا بھر کے بہترین ہیلتھ کیئر سسٹم کو بھی ناکام کردیا ہے اور اب تھی مزید ہزاروں انسانوں کی اموات کا خدشہ ہے۔
انہوں نے ملک بھر میں وینٹی لیٹرز کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ایسے میں ہم کیا کرسکتے ہیں جبکہ کراچی کی آبادی دو کروڑ ہے اور آئی سی یو وارڈ میں صرف 600 بستر ہیں جبکہ ملک کی آبادی 22 کروڑ ہے اور ملک بھر میں صرف 1700 وینٹی لیٹرز موجود ہیں۔
ویڈیو پیغام میں مہوش حیات کا کہنا ہے کہ گزشتہ ہفتے صرف 15 ہزار ماسک ڈاکٹروں اور نرسوں کےلیے آئے، کوویڈ 19 کے خلاف یہی طبقہ فرنٹ لائن پر موجود ہے اور ہزاروں زندگیاں بچارہا ہے لیکن افسوس کی بات ہے کہ ان کے خود کے پاس حفاظتی آلات و سہولتات موجود نہیں ہے۔
اسی وجہ سے ڈاکٹرز اور نرسز کی حاضری پر اثر پڑرہا ہے بلکہ ان کی صحت بھی متاثر ہورہی ہے، انہوں نے حکومت پاکستان اور متعلقہ اداروں سے اپیل کی کہ وہ میڈیکل اسٹاف کو ضروری حفاظتی سامان کی فراہمی ترجیحی بنیادوں پر یقینی بنائیں۔
مہوش حیات نے عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ یہ چھٹیاں عام تعطیل نہیں ہے لہٰذا آپ لوگ اپنے گھروں میں رہیں اس وقت میں ملک میں 1900 کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں اور 25 افراد کی جان جاچکی ہے جبکہ روز بروز کیسز کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہماری ذرا سی لاپرواہی لاتعداد زندگیوں کو خطرے میں ڈال سکتی ہے لہذا ذمہ دار شہری ہونے کا ثبوت دیں اور اپنی اور اپنے پیاروں کی حفاظت کریں۔