اٹلی سے اچھی خبر، 6 ماہ کی بچی اور 102 سالہ خاتون نے کورونا کو شکست دیدی

Last Updated On 01 April,2020 05:58 pm

روم: (ویب ڈیسک) دنیا بھر میں کورونا وائرس کے باعث ہزاروں افراد زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں اس وقت سب سے زیادہ سے ہلاکتیں اٹلی میں ہوئی ہیں جہاں پر ہر روز ان کی تعداد میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ تاہم اٹلی سے حوصلہ افزا خبریں بھی سامنے آ رہی ہیں۔ وہاں پر ایک 6 ماہ کی بچی اور 102 سالہ خاتون کورونا وائرس کو شکست دینے کے بعد گھر لوٹ آئیں، ڈاکٹرز نے ان دونوں کو امید کی کرن قرار دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق اٹلی کے علاقے لمبارڈی کی رہائشی 6 ماہ کی لیونارڈو 50 دن تک ہسپتال میں رہنے کے بعد بالآخر کورونا وائرس کو شکست دے کر گھر لوٹ آئی۔

مقامی میئر نے ننھی بچی کو امید کی کرن قرار دیا ہے اور اس کی صحتیابی پر بے حد خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمیں خوش ہونے اور مسکرانے کی ایک وجہ ملی ہے۔

انہوں نے بچی اور اس کے والدین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہمت نہ ہارنے کے لیے آپ کا شکریہ، آج آپ کی وجہ سے شہر کے تمام مرجھائے ہوئے چہروں پر بہار آگئی ہے۔

بچی کی ماں کا کہنا ہے کہ وہ بچی کے لیے بہت پریشان تھیں، میری دعا ہے کہ ایسا وقت کسی اور ماں پر نہ گزرے۔

دوسری جانب 102 سالہ خاتون اٹالیکا گروڈونا شمالی اٹلی کی رہائشی ہیں، انہوں نے 20 دن ہسپتال میں گزارے۔

ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ کورونا نے اٹالیکا کے حوصلے کے سامنے ہار مان لی۔

خیال رہے کہ اٹلی میں کورونا وائرس کے باعث 12 ہزار 428 اموات ہوگئی ہیں، صرف گزشتہ 24 گھنٹوں میں 837 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ اب تک 1 لاکھ سے زائد افراد وائرس سے متاثر ہو چکے ہیں۔
 

Advertisement