کورونا وائرس: سال کا تیسرا گرینڈ سلام ومبلڈن ٹینس ٹورنامنٹ منسوخ

Last Updated On 01 April,2020 08:49 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) دنیا بھر میں کورونا وائرس کے باعث کھیلوں کے متعدد ایونٹس منسوخ ہو چکے ہیں یا ہونے جا رہے ہیں، تاہم اسی حوالے سے خبر آئی ہے کہ مہلک وباء کے باعث سال کا تیسرا گرینڈ سلام ومبلڈن ٹینس ٹورنامنٹ منسوخ کر دیا گیا ہے۔ دوسری جنگ عظیم کے بعد ومبلڈن کو پہلی بار منسوخ کیا گیا ہے۔

 

تفصیلات کے مطابق دنیائے ٹینس کا تیسرا گرینڈ سلام ومبلڈن چیمپیئن شپ کورونا وائرس کے باعث خطرات سے دو چار ہو گیا، ایونٹ کو مہلک وباء کے باعث منسوخ کر دیا گیا۔

دنیائے ٹینس کا قدیم ترین ایونٹ ومبلڈن 29 جون سے 12 جولائی تک لندن میں شیڈول تھا،

اس سے قبل آل انگلینڈ کلب کے مطابق موجودہ حالات کے پیش نظر ایونٹ منسوخ ہونا ناگزیر ہے جس کے بعد ایونٹ منسوخ کر دیا گیا۔

یاد رہے کہ سربیا سے تعلق رکھنے والے نوواک جوکووچ نے 2019ء میں گھاس پر کھیلے جانے والے واحد گرینڈ سلام ومبلڈن کا ٹائٹل پانچویں بار اپنے نام کیا تھا جبکہ سوئس ٹینس سٹار راجر فیڈرر ریکارڈ 8 بار یہ ٹورنامنٹ اپنے نام کرچکے ہیں۔

خبر رساں ادارے کے مطابق دوسری جنگ عظیم کے بعد ومبلڈن کو پہلی بار منسوخ کیا گیا ہے، اس سے قبل سال کا دوسرا گرینڈ سلام ٹورنامنٹ فرنچ اوپن بھی ستمبر تک ملتوی کیا جاچکا ہے۔

واضح رہے کہ کورونا وائرس کے باعث ٹوکیو اولمپکس 2020 کو ایک سال کیلئے ملتوی کیا جاچکا ہے جبکہ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ورلڈ کپ کا انعقاد بھی خطرے میں پڑ گیا ہے۔

خیال رہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ اکتوبر 2020 میں آسٹریلیا میں ہونا ہے تاہم اگر ورلڈ کپ کا انعقاد ملتوی ہوا تو پھر ٹیموں کے شیڈول کے باعث ورلڈ کپ 2 سال بعد ہی ہوسکے گا۔

 

Advertisement