لاہور: (دنیا نیوز) شیخ رشید نے کہا ہے کہ لاک ڈاؤن کے حکومتی فیصلے کے پابند ہیں، ٹرینیں چلانے کیلئے لوگوں کا اصرار اور مجبوریاں ہیں، پہلی بار اتنے بڑے پیمانے پر فلاحی کام ہو رہا ہے، ناراض دوست کورونا سے لڑنے کیلئے متحد ہوجائیں۔
وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا 15 تاریخ سے وزیراعظم کی اجازت سے ریلوے کی فریٹ شروع کریں گے، ٹرینوں کو حفاظتی اقدامات کے ساتھ چلائیں گے، کچھ عناصر ملک کو ترقی کرتا نہیں دیکھنا چاہتے، ٹائیگر فورس کے پاس کوئی اختیارات نہیں، صرف خدمت کا جذبہ ہے، مشیر خزانہ کا شکر گزار ہوں انہوں نے ملازمین کی تنخواہوں کا مسئلہ حل کیا۔
شیخ رشید کا کہنا تھا یہ وقت جنگ عظیم سے بھی سخت ہے، اس پر سیاست نہ کی جائے، لیپ ٹاپ کے آگے بیٹھ کر تنقید نہ کی جائے، سب اپنا اپنا حصہ ڈالیں، لیپ ٹاپ کے سامنے بیٹھ کر کیڑے نکالنے والوں کا وقت ختم ہوچکا۔ انہوں نے کہا لاک ڈاؤن سے پہلے ہم نے ریکارڈ 20، 20 ٹرینیں چلائی ہیں، اگر مسافر گھروں کو نہ جاتے تو آج لوگ ایڑھیاں رگڑ رہے ہوتے، آخری 2 روز میں 40 ٹرینوں سے ایک لاکھ 65 ہزار مسافروں کو منتقل کیا۔