پشاور: (دنیا نیوز) وزیراعظم نے حیات آباد میڈیکل کمپلیکس میں ڈاکٹرز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا سارا ملک اپنے ڈاکٹرز کے پیچھے کھڑا ہے، ڈاکٹرز کے تحفظ کو یقینی بناتے ہوئے ہر ممکن طبی سامان مہیا کرینگے، طبی عملے کی حفاظت پر توجہ مرکوز ہے، کورونا وائرس کا دباؤ مزید بڑھے گا۔
قبل ازیں وزیراعظم نے حیات آباد میڈیکل کمپلیکس کا دورہ کیا جہاں انہوں نے کورونا وائرس کے علاج اور مریضوں کو دی جانیوالی سہولیات کا جائزہ لیا، عمران خان کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے خیبر پختونخوا میں جاری جزوی لاک ڈاؤن موثر ثابت ہوا ہے، عوام کو اشیائے ضروریہ کی دستیابی کیلئے محکمہ فوڈ پوری طرح فعال ہے تاکہ اس دوران قیمتوں کو اعتدال پر رکھا جاسکے۔
وزیراعظم کو پشاور سمیت صوبے کے دیگر ہسپتالوں میں دستیاب سہولیات اور طبی عملے کے تحفظ سمیت وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے قرنطینہ مراکز سے متعلق بھی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ وفاقی حکومت کے احساس پروگرام کے تحت متاثرین کو امدادی رقوم کی منتقلی کے علاوہ صوبائی سطح پر بھی نقد امداد تقسیم کی جائے گی تاکہ غریب اور دیہاڑی دار طبقے کو اس بحران کے دوران اپنی ضروریات زندگی پوری کرنے میں ہر ممکن ریلیف دیا جاسکے۔
عمران خان نے خیبر پختونخوا حکومت کے کرونا وائرس سے تحفظ کیلئے اٹھائے گئے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا اور ہسپتالوں میں فراہم کی جانیوالی سہولیات کو مزید بہتر کرنے کیلئے وفاقی حکومت کی جانب سے مکمل تعاون کا اظہار کیا۔ عمران خان نے احساس ایمرجنسی کیش پروگرام سنٹر کا بھی دورہ کیا، وزیر اعظم کے ہمراہ وفاقی وزیر اسد عمر، معاون خصوصی ثانیہ نشتر اور شہریار آفریدی بھی تھے۔