پشاور: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان دورہ پشاور کے دوران پشاور میڈیکل کمپلیکس پہنچے جہاں ان کو پشاور سمیت صوبے بھر میں کورونا مریضوں کے علاج معالجے کی سہولیات سے متعلق بریفنگ دی گئی اور طبی عملے کے تحفظ سمیت احتیاطی تدابیر سے بھی آگاہ کیا گیا۔
وزیراعظم عمران خان سرکاری دورے پر آج پشاور پہنچے تو گورنر شاہ فرمان اور وزیراعلیٰ محمود خان نے استقبال کیا، اس موقع پر کورونا وائرس سے حفاظتی اقدامات کے پیش نظر مصافحہ نہیں کیا گیا۔ شہریار آفریدی اور وفاقی وزیر اسد عمر بھی وزیراعظم کے ہمراہ تھے۔
پشاور میڈیکل کمپلیکس میں بریفنگ کے دوران وزیراعظم کو ہسپتالوں میں کورونا وبا کیلئے کئے گئے حکومتی اقدامات سے متعلق تفصیلی طور پر آگاہ کیا گیا، شہروں میں لاک ڈاون کے اثرات اور عوام کو درپیش مسائل پر بھی بریفنگ دی گئی۔ وزیراعظم نے اشیائے ضروریہ کی فراہمی ہر صورت ممکن بنانے کی ہدایت کی۔ وزیراعظم دورہ پشاور کے دوران احساس ایمرجنسی کیش پروگرام سنٹر کا بھی معائنہ کریں گے۔