کراچی: (دنیا نیوز) صوبہ سندھ میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 93 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، وزیراعلی سندھ کہتے ہیں احتیاط کریں گے تو سب محفوظ رہیں گے ورنہ صورتحال بگڑجائے گی۔ حکومتِ سندھ کے احکامات کی روشنی میں کراچی کے ضلع جنوبی اور شرقی کنٹونمنٹ اور دیگر یونین کونسلز کی متاثرہ گلیوں اور شاہراہوں کو سیل کر دیا گیا۔
صوبہ سندھ میں کورونا کے بڑھتے ہوئے کیسز ۔سندھ حکومت کی پریشانی بڑھنے لگی، ضلع جنوبی اور شرقی سمیت کنٹونمنٹ اور دیگر یو سیز میں گلیوں اور شاہراہوں کو سیل کردیا گیا۔ ڈالمیا کے علاقے کی 15 گلیاں، راشد منہاس روڈ کو میلینیم کے مقام تک سیل کر دیا گیا۔ اسٹیڈیم جانے والیسڑک مکمل طور پر بند ہے، گلزار ہجری اور گلشن اقبال کے علاقوں میں سناٹا ہے۔
کورونا کے کیسز کی تعداد میں اضافہ، صوبے کے کپتان کی تشویش بھی بڑھتی جا رہی ہے، خصوصی پیغام میں مراد علی شاہ نے 24 گھنٹوں کے دوران مزید نئے 93 کیسز کی تصدیق کر دی۔ وزیراعلی سندھ نے کہا کہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں 569 نئے ٹیسٹ کیے گئے۔ کل سے اب تک 2 مریض کورونا کے باعث ا نتقال کر چکے ہیں جبکہ 18 صحت یاب ہوکر گھروں کو جاچکے ہیں۔
مراد علی شاہ کے مطابق ایک سے دس سال کے 71، گیارہ سے بیس سال کے 118 اکیس سے تیس سال کے 311 مریضوں میں کورونا کی تشخیص ہوئی، 31 سے 40 سال کی عمر والے افراد کی تعداد 260 ہے،41 سے 50 سال کے 196، 51 سے 60 سال کے 226 مریضوں میں کورونا کی تصدیق ہوئی، 61 سے 90 سال کے 204 افراد میں کورونا پایا گیا۔ وزیراعلی سندھ نے کورونا سے بچانے کے لیئے عوام کو گھروں میں بیٹھنے کی تلقین کر دی ہے۔