اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے چینی ہم منصب وانگ یی سے ٹیلیفونک رابطہ کرکے کورونا وبا کی صورتحال، علاقائی اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا ہے۔
چینی ہم منصب کیساتھ ٹیلی فونک گفتگو کرتے ہوئے مخدوم شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس نے عالمی معیشت کو بری طرح متاثر کیا۔ کمزور معیشتوں پر اس وبا کے اثرات کے باعث وزیراعظم قرضوں کی ری سٹرکچرنگ کی تجویز دی۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ اس طرح یہ ممالک محدود وسائل کے باوجود وبائی چیلنج کا مقابلہ کر سکیں گے۔ جی 20 فورم کا واجب الادا قرضوں میں سہولت کے معاملے پر غور قابلِ تحسین ہے۔ دونوں وزرائے خارجہ نے مشترکہ کاوشیں اور مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔