اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر قانون فروغ نسیم نے کہا ہے کہ حکومت نے کورونا وباء کے دوران اشیائے ضروریہ کی ذخیرہ اندوزی روکنے کیلئے آرڈیننس متعارف کروا دیا ہے، ذخیرہ اندوزوں کو سخت سزا دی جائے گی۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر قانون فروغ نسیم کا کہنا تھا کہ نئے آرڈیننس میں گندم، چینی، آٹا، گھی، سینیٹائزر اور فیس ماسک سمیت دیگر ضروری اشیا کی ذخیرہ اندوزی پر بحق سرکار ضبطگی اور 3 سال سزا تجویز کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈالر اور چینی، گندم سمیت اشیا کی سمگلنگ روکنے کیلئے انٹی سمگلنگ قانون لایا جا رہا ہے، حکومت کسی کو بھی کورونا کی صورتحال سے ناجائز فائدہ اٹھانے کی اجازت نہیں دے گی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ صنعتوں سے متعلق بھی ایک قانون پر کام جاری ہے۔
اس موقع پر پارلیمانی سیکرٹری برائے قانون و انصاف ملیکہ بخاری نے کہا کہ مذکورہ قوانین وزیراعظم عمران خان کے ویژن اور تحریک انصاف کے منشور کے مطابق ہیں، انٹی سمگلنگ قوانین سے عام آدمی کی زندگی میں بہتری آئے گی۔