ملتان پولیس نے لاک ڈاون کے دوران مستحق افراد میں راشن تقسیم کرنا شروع کر دیا

Last Updated On 21 April,2020 11:56 am

ملتان: (دنیا نیوز) ملتان پولیس نے لاک ڈاون کے دوران مستحق افراد میں راشن تقسیم کرنے کا سلسلہ شروع کر دیا ہے اور پہلے مرحلے میں پانچ سو سے زائد رکشہ ڈرائیوروں کو راشن کیساتھ ماسک بھی فراہم کیے۔

ملتان پولیس کورونا ریلیف فنڈ میں خطیر رقم جمع کرا چکی ہے جبکہ موجودہ صورتحال میں مستحق رکشہ ڈرائیوروں میں راشن بیگز بھی تقسیم کیے جن میں آٹا، گھی، چاول، چینی، چائے کی پتی اور مختلف دالیں شامل تھیں جس کے ملنے پر مستحق افراد نے پولیس زندہ آباد کے نعرے لگائے اور راشن تقسیم کرنے کو عمل کو پولیس کا احسن اقدام قرار دیا۔

اس موقع پر آر پی او کا کہنا تھا کہ مشکل کی گھڑی میں مستحق افراد کی مدد صدقہ جاریہ ہے جس کیلئے تاجر تنظیمیں بھی مزید بڑھ چڑھ کر اپنا کردار ادا کریں۔

پولیس کی جانب سے رکشہ ڈرائیوروں کو سماجی فاصلے کی اہمیت بارے لیکچر دیا گیا جبکہ بعدازاں ڈرائیوروں میں ماسک اور سینیٹائزر بھی تقسیم کیے گئے۔

 

Advertisement