ملتان کے متاثرین میں اب تک ایک ارب 36 کروڑ روپے تقسیم کر دیئے: شاہ محمود

Last Updated On 19 April,2020 01:54 pm

ملتان: (دنیا نیوز) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ ملتان میں متاثرین میں اب تک ایک ارب 36 کروڑ روپے تقسیم کیے ہیں، ڈیجیٹل سسٹم کے تحت امداد کا شفاف نظام اپنایا ہے، لاک ڈاؤن کے متاثرین کے لیے احساس ایمرجنسی کیش پروگرام ملکی تاریخ کا سب سے بڑا پیکج ہے۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ملتان میں منظور آباد اور قاسم پور کالونی میں قائم متعدد کفالت سینٹرز کا اچانک دورہ کیا، اور مستحق افراد تک رقوم پہنچانے کے عمل کا جائزہ لیا۔ شاہ محمود قریشی نے کیش کاونٹر سے امدادی رقم کی ترسیل کے طریقہ کار کو چیک کیا اور متاثرین کے مسائل بھی سنے۔

اس موقع پر شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ متاثرین کو سیاسی وابستگی سے بالاتر ہو کر امداد دی جا رہی ہے، ضلع ملتان میں اب تک ایک ارب 36 کروڑ روپے تقسیم کیے ہیں، ملتان امدادی رقم کی تقسیم کے حوالے سے پورے پنجاب میں ٹاپ پر ہے۔ ملتان میں قائم قرنطینہ مرکز میں پاکستان کے چاروں صوبوں کے افراد کی میزبانی کی گئی۔ اہلیان ملتان نے کھلے دل سے سب کو خوش آمدید کہا۔ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ وہ وزیراعظم عمران خان کو بتائیں گے کہ ملتان اول نمبر پر ہے۔