وزیراعظم چینی بحران رپورٹ بارے سنجیدہ ہیں، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی

Last Updated On 16 April,2020 10:54 pm

لاہور: (دنیا نیوز) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ چینی بحران پر جیسے ہی رپورٹ آئے گی قوم سے شیئر کی جائے گی، وزیراعظم اس حوالے سے سنجیدہ ہیں۔

دنیا نیوز کے پروگرام ‘’نقطہ نظر’’ میں گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ بیرون ملک میں پھنسے پاکستانیوں کو لانے کے لیے ہر ممکن کوششیں کر رہے ہیں، صوبائی حکومتوں کو قائل کیا ہے۔ بیرون ملک پاکستانیوں کی آمد کے لیے مزید ایئرپورٹس کھول رہے ہیں۔

ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ حکومت سٹیٹ بینک کے معاملات میں مداخلت نہیں کر سکتی، سٹیٹ بینک اپنے فیصلے خود کرتا ہے۔ شرح سود اگر زیادہ ہوگا تو لوگوں کو انویسٹمنٹ کرنے میں دقت ہوگی۔ افراط زر کو سامنے رکھتے ہوئے سٹیٹ بینک شرح سود کو بتدریج کم کرے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ یورپ اور امریکا کورونا وائرس سے شدید متاثر ہو چکے ہیں جو تجارت کی بہت بڑی منڈی ہے، ہمارے بہت سارے آرڈر بھی کینسل ہو گئے ہیں۔ امید کرتے ہیں حالات جلد بہتر ہوں گے۔