اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے سلامتی کونسل کو خط لکھا ہے جس میں انہوں نے مقبوضہ کشمیر میں ڈومیسائل کے نئے قانون کی طرف توجہ دلائی ہے۔
سفارتی ذرائع کے مطابق وزیر خارجہ کی جانب سے سلامتی کونسل کو لکھے گئے تین صفحات پر مشتمل خط میں کہا گیا ہے کہ اس بھارتی عمل سے کشمیریوں میں خوف پیدا ہوگیا ہے۔ ڈومیسائل قانون سے بڑی تعداد میں لوگوں کے کشمیر میں سکونت اختیار کرنے کا خدشہ ہے۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اپنے خط میں لکھا ہے کہ بھارتی عمل سے مقبوضہ کشمیر میں آبادی کا تناسب تبدیل ہونے کا خطرہ ہے۔ موجودہ عالمی وبا کے حالات میں بھارتی اقدام قابل افسوس ہے۔
انہوں نے لکھا کہ بھارت عالمی برادری کی کوویڈ-19 کی طرف توجہ سے فائدہ اٹھانے کی کوشش کر رہا ہے۔ مقبوضہ کشمیر کا ڈومیسائل قانون بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔