وزیر خارجہ کا سیکرٹری جنرل شنگھائی تعاون تنظیم کو ٹیلیفون، کورونا کی صورتحال پر تبادلہ خیال

Last Updated On 06 April,2020 07:47 pm

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کورونا وائرس کی وبا پر قابو پانے کےلئے شنگھائی تعاون تنظیم کے پلیٹ فارم کے ذریعے مشترکہ لائحہ عمل وضع کرنے پر زور دیا ہے۔

سرکاری میڈیا کے مطابق انہوں نے یہ تجویز شنگھائی تعاون تنظیم کے سیکرٹری جنرل ولادی میر نوروف سے ٹیلیفون پر گفتگو کرتے ہوئے پیش کی، جس دوران انہوں نے کورونا وائر س کی عالمی وبا سے نمٹنے کےلئے موثر حکمت عملی وضع کرنے پر تبادلہ خیال کیا۔

وزیر خارجہ نے تنظیم کے سیکرٹری جنرل کو کورونا وائرس کی وبا کےپھیلاو کی روک تھام کےلئے پاکستان کے اقدامات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان علاقائی تعاون کےلئے جنوبی ایشیا کی تنظیم کے وزرا صحت کی ویڈیو کانفرنس کا منتظر ہے تاکہ رکن ممالک ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ کر سکیں۔

وزیر خارجہ نے ولادی میر نوروف کو ترقی پذیر ملکوں کی مدد کے لئے ان کے قرضوں کی ادائیگی کے عمل پر نظرثانی سے متعلق پاکستان کی تجویز کے بارے میں بتایا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ شنگھائی تعاون تنظیم اس تجویز پر عملدرآمد کےلئے موثر کردار ادا کرے گی۔

تنظیم کے سیکرٹری جنرل نے اس تجویز کو سراہتے ہوئے کہا کہ وقت کا تقاضا ہے کہ ترقی پذیر ملکوں کی مالی امداد کی جائے۔