اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ ہماری پہلی ترجیح ٹرانزٹ میں پھنسے پاکستانیوں کو وطن واپس لانا ہے۔ دوسری ترجیح ویزہ ایکسپائر ہونے والے پاکستانی ہیں جبکہ تیسری ترجیح بیرون ملک مقیم پاکستانی اور طلبہ کو واپس لانا ہے۔
وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے دنیا بھر میں وطن واپسی کے منتظر پاکستانیوں کو واپس لانے کے حوالے سے اہم بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ بہت سے پاکستانی بیرون ممالک سے وطن واپس آنا چاہتے ہیں۔ وزیراعظم عمران خان کے زیر صدارت قومی رابطہ کمیٹی نے 17 پروازیں بحال کرنے کی منظوری دیدی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم ان پاکستانیوں کو بتدریج واپس لائیں گے۔ ہماری پہلی ترجیح ٹرانزٹ میں پھنسے پاکستانیوں کو وطن واپس لانا ہے۔ ہماری دوسری ترجیح ویزہ ایکسپائر ہونے والے پاکستانی ہیں جبکہ ہماری تیسری ترجیح بیرون ملک مقیم پاکستانی اور زیر تعلیم، واپسی کے منتظر طلبہ کو واپس لانا ہے۔
مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ 4 سے 11 اپریل تک کا بین الاقوامی پروازوں کے شیڈول کا اعلان کیا ہے۔ ہمیں ان تمام مسافروں کو ائیرپورٹ پر کرونا ٹسٹنگ سے گزارنا ہے۔ اس لیے ہم اپنی ٹسٹنگ اور کورنٹائین کی استعداد کار کو بتدریج بڑھا رہے ہیں۔ پروٹوکول پر مکمل عملدرآمد ہوگا تو کراچی کیلئے بھی پروازیں کھولیں گے۔
دوسری جانب وزیر خارجہ نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل سے ٹیلی فون پر رابطہ کرکے کورونا کے نتیجے میں پیدا ہونے والی صورتحال اور قابو پانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔
دونوں رہنماؤں نے اتفاق کیا کہ دوسری جنگ عظیم کے بعد یہ وبا انسانیت کو دردپیش سب سے بڑا بحران ہے۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ اس وبا کے آغاز پر ہی ترقی پذیر ممالک کو قرضوں میں رعایت دینے کی بات کہی تھی۔