اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ اسے کشمیریوں کو بھارت کے مظالم سے بچانے کے لئے موثر کردار ادا کرنا ہوگا۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے آج اپنے ملائیشیا کے ہم منصب حشام الدین حسین کے ساتھ ٹیلیفون پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نہتے کشمیری گزشتہ آٹھ ماہ سے بد ترین کرفیو کا سامنا کر رہے ہیں۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ اب جب دنیا نے کورونا وائرس کی وبا سے نمٹنے پر توجہ مرکوز کررکھی ہے لیکن بھارت ڈومیسائل سے متعلق قواعد و ضوابط میں ترمیم کرتے ہوئے مقبوضہ کشمیر میں آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کی مذموم کوشش کررہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ اقدام ناصرف عالمی قوانین بلکہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کی بھی خلاف ورزی ہے۔ دونوں وزرائے خارجہ نے کورونا وائرس کی روک تھام سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا۔