اسلام آباد: (دنیا نیوز) کورونا وائرس وبا کے حوالے سے سارک رکن ممالک کی ویڈیو کانفرنس جمعرات کو ہوگی، پاکستان اس کانفرنس کی میزبانی کرے گا۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ سارک ویڈیو کانفرنس میں وزیراعظم کے خصوصی معاون برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا پاکستانی وفد کی قیادت کریں گے۔
انہوں نے بتایا کہ وفد میں وزرا اور سینئر حکام شریک ہوں گے جبکہ سیکرٹری جنرل سارک بھی شرکت کریں گے۔ کانفرنس میں کورونا وبا سے نبرد آزما ہونے کے لیے قریبی تعاون اور تجربات کے تبادلہ زیر غور ہوگا۔
شرکا اپنے ممالک کی بیماریوں سے مقابلے کی صلاحیت بڑھانے اور تحقیقی امور میں تعاون کا بھی جائزہ لیں گے۔ ترجمان کے مطابق جنوبی ایشیا میں بڑھتی آبادی اور صحت سہولتوں کی زبوں حالی زیر غور ہوگی۔
کانفرنس میں علاقائی فورمز کو تعاون کے لیے استعمال بھی زیر غور ہوگا۔ ویڈیو کانفرنس پاکستان کی علاقائی تعاون کے فروغ کی کوششوں کا حصہ ہے۔ کانفرنس کا مقصد صحت عامہ کے مسائل اور سماجی معاشی اثرات سے نبرد آزما ہونا ہے۔