اسلام آباد: (دنیا نیوز) بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ وفاق کام کی بجائے سندھ کے اقدامات کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کر رہا ہے، پہلی بار وفاق اور وزیراعظم صوبوں سے لاتعلقی کا اعلان کر رہے ہیں۔
چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے بی بی سی کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا لاک ڈاؤن کے خلاف وزیراعظم کے بیانات ابہام پیدا کر رہے ہیں، چندہ اکٹھا کرنا ہی ہر مسئلے کا حل نہیں ہے، 18 ویں ترمیم صوبوں کو اختیار دیتی ہے لیکن وفاقی حکومت کو راہ فرار نہیں دیتی، قومی سطح پر پالیسی بنانے کی ذمہ داری وفاق کی ہی ہے اور اس وقت وہاں قیادت کا فقدان ہے،
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا جب وفاق سندھ کے ہسپتال چھیننا چاہتا ہے تو اُس وقت اٹھارویں ترمیم نظر نہیں آتی، اگر 18 ویں ترمیم کے بعد وفاق کا کوئی کردار نہیں رہا تو پھر ملک میں نیشنل ڈیزاسٹر مینیجمنٹ کا ادارہ کیوں موجود ہے ؟ یہ وقت ایک ملک بن کے سوچنے کا ہے، وزیر اعظم کے بیانات نہایت غیر ذمہ دارانہ ہیں، ہر صوبہ اپنی صلاحیت کے مطابق حالات کا مقابلہ کرنے کی پوری کوشش میں لگا ہوا ہے۔