اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی حکومت کا کابینہ کی منظوری کے بغیر کی گئی تقرریوں پر نظرثانی کا فیصلہ کرتے ہوئے وزارتوں اور ڈویژنز سے تفصیلات طلب کر لیں۔
وزیراعظم کے سیکرٹری نے تمام وزارتوں اور ڈویژنز کو مراسلہ جاری کیا ہے جس میں وزارتوں اور ڈویژنز سے کابینہ کی منظوری کے بغیر ہونے والی تقرریوں کی تفصیلات طلب کر لی گئی ہیں۔ سیکرٹری کابینہ 5 مئی کو کابینہ کی منظوری کے بغیر تقرریوں پر وفاقی کابینہ کو بریفنگ دیں گے۔
مراسلے میں کہا گیا ہے کہ کابینہ کی منظوری کے بغیر ہونے والی تقرریوں کی تفصیلات 30 اپریل تک جمع کرائی جائیں، سپریم کورٹ کے فیصلے کے مطابق وفاقی حکومت کا فیصلہ وفاقی کابینہ کا فیصلہ تصور ہوتا ہے، 18 اگست 2016 سے پہلے کابینہ منظوری کے بغیر ہونے والی تقرریوں کی تفصیلات پیش کریں۔ وفاقی وزیر اور سیکرٹری کی جانب سے کی گئی تقرریوں کی تفصیلات بھی پیش کی جائیں۔