آٹا چینی سکینڈل کی تحقیقات،وفاقی کابینہ نےانکوائری کمیشن کو 3 ہفتے کی مہلت دیدی

Last Updated On 28 April,2020 10:54 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی کابینہ نے آٹا چینی سکینڈل کی تحقیقات کے معاملے پر انکوائری کمیشن کو 3 ہفتوں کی مہلت دیدی ہے۔

وفاقی کابینہ کے اجلاس میں چھوٹا کاروبار کرنے والوں کیلئے 75 ارب روپے کے پیکج کی منظوری دی گئی، تین ماہ کا بجلی کا بل بھی معاف ہوگا۔ اجلاس میں 9 مئی تک لاک ڈاؤن کے قومی رابطہ کمیٹی کے فیصلے کی توثیق بھی کی گئی،

تفصیل کے مطابق وزیراعظم عمران خان کے زیر صدارت ہونے والے وفاقی کابینہ اجلاس میں 13 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا گیا اور متعدد نکات کی منظوری دی گئی۔

ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ نے لمیٹڈ کمپنیوں میں ڈائریکٹرز کی خالی اسامیوں پر نامزدگیوں کی منظوری بھی دی۔ کابینہ کو کورونا وائرس کی روک تھام کیلئے اقدامات پر مفصل بریفنگ دی گئی۔

وفاقی کابینہ نے کورونا وائرس پر قائم قومی تعاون کمیٹی کے فیصلوں کی توثیق کی جبکہ ملک کی معاشی اور سیاسی صورتحال پر بھی غور کیا گیا۔

اجلاس میں کورونا وائرس سے متاثر ہونے والے صحافیوں اور صحافتی اداروں کی مالی امداد کے پیکج کی منظوری بھی دی گئی۔ وزیراعظم نے معاون اطلاعات عاصم سلیم باجوہ اور وزیر اطلاعات شبلی فراز کو پہلا ٹاسک سونپ دیا۔

اجلاس کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ وفاقی کابینہ نے ای سی سی کے فیصلوں کی توثیق کر دی ہے۔ کابینہ نے بنیادی اشیا کی برآمد پر دو ہفتے کیلئے پابندی عائد کرنے کی منظوری دی۔ برآمد پر پابندی کے فیصلے کا دو ہفتے بعد دوبارہ جائزہ لیا جائے گا۔

کابینہ نے شائستہ بانو گیلانی کو مسابقتی کمیشن کی قائم مقام چیئرپرسن تعینات کرنے کی بھی منظوری دی۔ نیٹنگ آف فنانس کانٹریکٹ بل 2020ء، پاک ارب ریفائنری لمیٹڈ کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی بھی منظوری دی۔ بورڈ آف ڈائریکٹرز میں آفتاب حسین، عبدالہادی شاہ اور بشریٰ ناز ملک کے ناموں کی منظوری دی گئی۔

وفاقی کابینہ نے ہیلتھ کیئر ورکرز کیلئے مالی معاونت کے پیکج کی بھی منظوری دی۔ کورونا وائرس کی ڈیوٹی کے دوران ہیلتھ کیئر ورکر کی موت پر اسے شہداء پیکج دیا جائے گا۔

 

Advertisement