وزیراعظم سے شبلی فراز اور عاصم سلیم باجوہ کی ملاقات، اہم امور پر گفتگو

Last Updated On 28 April,2020 11:40 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان سے وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز اور معاون خصوصی عاصم سلیم باجوہ نے عہدے سنبھالنے کے بعد انتہائی اہم ملاقات کی ہے۔

وزیراعظم نے دونوں رہنماؤں کو اپنے اپنے عہدے سنبھالنے پر مبارکباد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ ملاقات میں میں کورونا وائرس کی صورتحال اور مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

دوسری جانب وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے ‏شبلی فراز کو وفاقی وزیر اطلاعات اور عاصم سلیم باجوہ کو معاون خصوصی بننے پر مبارکباد دی ہے۔

انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ وزارت اطلاعات میں نئی ٹیم کی آمد سے حکومتی بیانیہ موثر انداز میں آگے بڑھانے میں مدد ملے گی۔ وزیر خارجہ کی کی طرف سے نئی ٹیم کیلئے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا گیا۔

اس سے قبل آج صبح سینیٹر شبلی فراز نے وزیر اطلاعات ونشریات کی حیثیت سے حلف اٹھایا۔ حلف برداری کی تقریب ایوان صدر میں ہوئی جس میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ان سے حلف لیا۔ تقریب میں سماجی فاصلے پر سختی سے عملدرآمد کیا گیا۔

خیال رہے کہ شبلی فراز اس وقت سینیٹ میں قائد ایوان بھی ہیں۔ وہ پاکستان تحریک انصاف کے ٹکٹ پر خیبر پختونخوا سے ایوان بالا کی جنرل سیٹ پر منتخب ہوئے۔

سینیٹر شبلی فراز پیشے کے لحاظ سے ایک بینکر ہیں۔ انہوں نے پاک فضائیہ میں بطور ہوا باز خدمات انجام دیں اور سول سرونٹ بھی رہے۔ وہ اردو زبان کے ممتاز شاعر احمد فراز کے صاحبزادے اور خیبر پختونخوا اسمبلی کے سابق سپیکر بیرسٹر مسعود کوثر کے بھانجے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: فردوس عاشق اعوان فارغ، عاصم سلیم باجوہ معاون خصوصی برائے اطلاعات تعینات

یاد رہے کہ گزشتہ روز وفاقی حکومت نے اہم فیصلہ کرتے ہوئے عاصم سلیم باجوہ کو فردوس عاشق اعوان کی جگہ وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے اطلاعات تعینات کر دیا تھا جبکہ سینیٹ میں قائد ایوان سینیٹر شبلی فراز کو وفاقی وزیر اطلاعات کی اہم ذمہ داریاں سونپی گئی تھیں۔

لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ عاصم سلیم باجوہ کے پاس سی پیک اتھارٹی کے چیئرمین کا عہدہ بھی ہے۔ انھیں گزشتہ سال نومبر میں چار سال کیلئے اس اہم عہدے پر تعینات کیا گیا تھا۔

لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ عاصم سلیم باجوہ پاک فوج کے سابق ترجمان اور کمانڈر سدرن کمانڈ کے طور پر بھی اپنے فرائض انجام دے چکے ہیں۔