اسلام آباد: (دنیا نیوز) معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا ہے کہ کورونا کے مریض کی دیکھ بھال کے دوران جاں بحق ہونے والے ہیلتھ ورکرز کو شہید کا درجہ دیا جائے گا۔
اسلام آباد میں میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے ڈاکٹر ظفر مرزا کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس کے حوالے سے وفاقی کابینہ میں اہم فیصلہ ہوا ہے۔ فرنٹ لائن ورکرز کے تحفظ اور فلاح وبہبود کے لیے حکومت فکرمند ہے۔ جاں بحق ہونے والے ہیلتھ ورکرز کے لیے 100 فیصد پنشن اور سرکاری گھر بھی برقرار رکھا جائے گا۔
ڈاکٹر ظفر مرزا نے بتایا کہ جاں بحق ہونے والے ہیلتھ ورکرز کو شہید کے برابر امدادی پیکج دیا جائے گا، انھیں 30 لاکھ سے لے کر ایک کروڑ روپے تک کا امدادی پیکج دیا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ پچھلے دو ہفتے سے کورونا سے اموات ایک ہی سطح پر ہو رہی ہیں۔ پچھلے چوبیس گھنٹے میں 20 اموات ہوئیں۔ پچھلے چوبیس گھنٹے میں 751 مریضوں کا اضافہ ہوا جن میں سے سب سے زیادہ کیسز سندھ سے رپورٹ ہوئے ہیں۔
معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ احتیاطی تدابیر پر عمل کریں گے تو بیماری کم پھیلے گی۔ پاکستان میں 14 ہزار 80 کے قریب مریضوں کی تعداد ہے جن میں سے اب تک تین ہزار سے زائد صحت یاب ہو چکے ہیں۔