اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز نے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری کی طرف سے پریس کانفرنس کے دوران الزامات لگانے کے بعد رد عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ کورونا قومی مسئلہ ہے، اس پر سیاست کرنے والوں کو قوم معاف نہیں کرے گی۔ بلاول صاحب کی لاعلمی پر افسوس ہی کیا جا سکتا۔
وفاقی وزیر اطلاعات کا مزید کہنا تھا کہ بلاول بھٹو نے ثابت کیا کہ وہ اشرافیہ کے نمائندے ہیں،مزدوروں اور محنت کشوں سے ان کا کوئی تعلق نہیں۔ انہوں نے سندھ حکومت کی نااہلی وفاق پر تھونپنے کی بھونڈی کوشش کی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ دن میں سونے والے حقیقت سے نابلد ہیں، بلاول صاحب کی لاعلمی پر افسوس ہی کیا جا سکتا، احساس کیش ایمرجنسی پروگرام،لنگر خانے اور پناہ گاہیں عمران خان کی مزدوروں سے وابستگی اور احساس کا واضح اظہار ہے۔
سینیٹر شبلی فراز کا کہنا تھا کہ بلاول صاحب سیاست نہیں کام کریں،یہ قوم کی خدمت کا وقت ہے۔ 200 ارب روپے کا ریلیف مزدوروں اور دیہاڑی داروں کی مشکلات کو مدنظر رکھ کر اعلان کیا گیاہے۔ احساس کیش ایمرجنسی پروگرام کے تحت 144 ارب روپے مستحق اور نادار طبقات میں تقسیم ہو رہے ہیں۔
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور وفاقی وزیر مراد سعید نے پاکستان پیپلز پارٹی ( پی پی پی) کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری کی پریس کانفرنس پر رد عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ بلاول نے اپنی ناکامیوں کو وفاق کے سر تھوپنے کی ناکام کوشش کی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ فرزند زرداری کی پریس کانفرنس سندھ حکومت کیخلاف چارج شیٹ ہے۔ وفاق کے مکمل تعاون کے باوجود آج فرزند زرداری کے پاس بتانے کیلئے کچھ نہیں۔ کوئی فرزند زرداری کو بتائے صحت صوبائی معاملہ ہے۔
پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ اس معاملہ کو سنبھالنے میں انکی صوبائی حکومت شرمناک حد تک ناکام ہے۔ اٹھارویں ترمیم اور این ایف سی کے پیسے اچھے لگتے ہیں تاکہ ڈاکے ڈالے جاسکیں۔
وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ جعلی کھاتوں کے ماہرعوامی فلاح کے لیے وفاق کی جانب منہ اٹھا لیتے ہیں۔ وفاق اور دیگر تین صوبوں کی حکومتیں کرونا سے عوام کو بچانے میں مصروف ہیں۔ سندھ کے وزیراعلیٰ زرداری اور ابن زرداری کی ناجائز دولت بچانے میں مصروف ہیں۔
دنیا نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شہباز گل کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری کی پریس کانفرنس میں ایک نکمی بہو کی طرح رونا دھونا کیا ہے
ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ سندھ سیّد مراد علی شاہ کا انگ انگ کرپشن میں لپٹا ہوا ہے۔ وفاق ان کو کہہ چکا ہےیہ جو اقدامات کرنا چاہیتے ہیں کریں۔ یہ کیش لینا چاہتے ہین ، ان کا کیش میں ریکارڈ گندا ہے۔
پی ٹی آئی رہنما کا کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت نے غریب گھرانوں کو امداد دی ہے انہوں نے کیا کیا، ہم نے موثر جواب دیا ہے انہوں نے سندھ کی عوام کو ایک پیسہ نہیں دیا۔ اتنا بڑا کیش احساس پروگرام اتنی شفافیت میں کسی اور جگہ نہیں ہوا۔
کورونا وائرس کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ جہاں بھی لوگ اکھٹے ہونگے وہاں وائرس پھیلے گا۔ وائرس پوری دنیا میں پھیلا ہے ، یہ مذہب کو ہی ٹارگٹ ہی کیوں کرتے ہیں۔