اسلام آباد: (روزنامہ دنیا) امریکی سفیر پال جونز نے امریکی سفارتخانہ کے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر جاری ہونے والے ویڈیو پیغام میں پاکستان میں غربت کم کرنے کے لئے امریکا کی پاکستان کے ساتھ بڑھتی ہوئی شراکت پر اظہار خیال کیا۔
انہوں نے اپنے پیغام میں پاکستان کے احساس ایمرجنسی کیش پروگرام کی معاونت کیلئے 50 لاکھ ڈالر کی نئی امداد اور غذائیت کی کمی کا شکار بچوں کے لئے تیار شدہ 336 میٹرک ٹن شفا بخش خوراک پروگرام کا اعلان کیا، کورونا سے متعلق معاونت کے لئے پاکستان کو ترجیحی ملک قرار دیئے جانے سے لیکر اب تک امریکہ نے ڈیڑھ کروڑ ڈالر کے فنڈز کی فراہمی کا عزم کیا ہے، ان تمام امدادی عطیات کی ضرورت کی نشاندہی پاکستانی حکام کی جانب سے اولین ترجیح کے طور پر کی گئی تھی جن کے لئے امریکی عوام رقوم فراہم کر رہے ہیں۔